نیو کیلی ڈونیا میں 7.5 کی شدت سے آنے والے زلزلے کے باعث سونامی اور پیسفک آئی لینڈ خالی کرنے کی وارننگ جاری کردی گئی۔
فرانسسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کی جانب سے کہا گیا کہ علاقے میں سونامی کی لہریں دیکھی گئیں ہیں لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ کہاں۔
نیو کیلی ڈونیا نیوزی لینڈ کے شمال میں ایک ملک ہے جہاں کے رہائشیوں کو ایک ٹیکسٹ میسج موصول ہوا جس میں انہیں فوری طور پر پناہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
وارننگ سینٹر کی جانب سے 3 میٹر بلند سونامی کی لہریں آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ نیو کیلی ڈونیا، اور قریبی علاقے وینواتو میں رہائش پذیر افراد کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی زلزلہ محسوس نہیں ہوا اور نہ ہی علاقے میں فوری طور پر سونامی کے خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
پیسفک سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا تھا کہ کچھ ساحلوں پر سونامی کی خطرناک لہریں آنے کی پیش گوئی تھی۔
ابتدائی انتباہ کے بعد زلزلے کے مرکز کے آس پاس ایک ہزار کلومیٹر کے علاقے میں واقع ساحل کو ڈینجر زون میں شامل کرلیا گیا تھا۔
یہ زلزلے کا مرکز نوؤما کے شمال میں 3 سو کلومیٹر کے علاقے میں قائم ہے۔
سونامی سینٹر کی جانب نیو کیلی ڈونیا اور وینواتو کے لیے 3 میٹر جبکہ فجی کے کچھ علاقوں میں ایک میٹر بلند لہروں کے بعد متعدد آفٹر شاکس کی رپورٹس بھی موصول ہوئیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ حکومت نے بھی زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی تھی جسے واپس لے لیا گیا تھا۔
فوری طور پر زلزلے سے ابتدائی نقصانات کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم امریکی جیولیجکل سروے کا کہنا تھا کہ زلزلے کے نتیجے میں بہت معمولی نقصان ہوسکتا ہے۔