خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران: ساحلی شہر چابہار میں دھماکا، 3 افراد ہلاک

تہران:(ملت آن لائن) ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے ساحلی شہر چابہار میں دھماکے میں 3 افراد کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے اسلامک ریپبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کی رپورٹ کے مطابق چابہار میں پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں نے گاڑی ٹکرا دی۔

باخبر ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

ذرائع نے ارنا کو بتایا کہ جمعرات کی دوپہر میں جنوب مشرقی ایران کے ساحلی شہر چابہار میں بڑے دھماکے کی آواز سنی گئی اور پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونے والا حملہ خودکش حملہ ہوسکتا ہے۔

اس حوالے سے چابہار کے گورنر جنرل رحمدل بمری نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی سے پولیس ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا۔

علاوہ ازیں سیستان و بلوچستان گورنر کے سیکیورٹی عہدیدار محمد ہادی مراشی نے اس دھماکے کی تصدیق کی۔