خبرنامہ

کالا باغ کی تعمیر 6 سال میں مکمل ہو گی، 2.5روپے فی یونٹ، 3600میگاواٹ بجلی ملے گی

فیصل آباد۔16 اکتوبر(ملت + اے پی پی )ملک کے ممتاز ماہر ۱ٓب ،برقیات و زراعت چوہدری شوکت پرویز نے کہا ہے کہ صرف 6 سال کے عرصہ میں مکمل ہونیوالے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے اڑھائی روپے فی یونٹ کے حساب سے3600 میگا واٹ سستی ترین بجلی حاصل ہوگی جبکہ سالانہ 180 ارب روپے کی بچت سمیت سندھ کو 40،پنجاب کو 22،کے پی کے کو 20 اوربلوچستان کو 15 لاکھ ایکڑ فٹ اضافی پانی ملے گا نیز6.1 ملین ایکڑ فٹ اضافی پانی سے ملک میں زرعی،صنعتی،معاشی انقلاب کی راہیں ہموار ہونگی اس لئے بہترین ملکی و قومی مفاد کے خالص تکنیکی مسئلہ کو سیاسی بناکر قوم کیلئے مسائل پیدا نہ کئے جائیں اور بھارتی ۱ٓبی جارحیت سمیت پاکستان کو مستقبل قریب میں بنجر و ویران ہونے سے بچانے کیلئے مذکورہ ڈیم کے ساتھ ساتھ دوسرے ۱ٓبی ذخائر کی تعمیر یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ ۱ٓئی پی پیز اور ان سے ماضی میں اربوں روپے کے مفادات حاصل کرنے والے چند مٹھی بھر عناصر جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کرتے ہوئے کالا باغ ڈیم کی بلا جواز مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ عناصر کسی بھی طرح ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت، عدلیہ،فوج اور تمام محب وطن سیاسی جمہوری قوتوں نے یکجا ہوکر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا بالکل اسی طرح کالاباغ ڈیم بھی تعمیر کیا جائے کیونکہ اس کے بغیر ملکی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح اور قومی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔