خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیرکے ضلع پلوامہ میں نوجوان کی شہادت پر ہڑتال

سرینگر ۔(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرکے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوان راقب بشیر کی شہادت پر مسلسل دوسرے دن بھی متعدد علاقوں میں ہڑتال جاری رہی جس سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقوں نیوہ اور اس کے ملحقہ دیگر علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی ۔ بعض علاقوں میں بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کیلئے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیاگیاتھا۔ متعدد علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ زاڈوہ پہنچے جہاں انہوں نے شہید نوجوان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کی۔ دریں اثناء ضلع بار ایسوسی ایشن بانڈی پورہ کی غیر معینہ ہڑتال چھٹے روز بھی جاری رہی ۔ بار ایسوسی ایشن دو وکلاء کو عدالت کے احاطہ میں زدوکوب کرنے والے شخص کی گرفتاری اور اسے قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کررہی ہے ۔ تاہم پولیس وکلاء کے مطالبے پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ بار کے سیکریٹری ایڈووکیٹ منیر حاجی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک پولیس ملزم کو گرفتارنہیں کرتی تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ادھر بھارتی پولیس نے رعناواری پولیس اسٹیشن سرینگر سے رائفل چھین کر فرار ہونے والے پولیس اہلکار کوایک چھاپے کے دوران بڈگام سے گرفتار کرلیا ہے۔ یاد رہے ریاض احمد نامی پولیس اہلکار پانچ فروری کو سرینگر پولیس اسٹیشن سے اپنے ساتھی کی سروس رائفل چھن کر فرار ہوگیا تھا۔ ایس ایس پی بڈگام نے گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ اہلکار کو ضلع کے علاقے خانصاب سے گرفتار کرلیاگیا ہے اور اس ضمن میں مزید تفتیش جاری ہے۔