ڈیرہ اسماعیل خان:(ملت آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے آپریشن رد الفساد کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا، جبکہ یرغمال بنائے گئے 6 شہریوں کو بھی بازیاب کروالیا گیا، کارروائی میں4 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران حاکم نامی ایک مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد نے 6 شہریوں کو یرغمال بنا رکھا تھا، جنہیں بازیاب کروالیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے آٹومیٹک ہتھیار اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔