اسلام آباد:(ملت آن لائن) سترہ روز قبل اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے پشاور کے ایس پی طاہر داوڑ کو افغانستان میں قتل کردیا گیا، ان کی تشدد زدہ لاش افغان صوبے ننگرہار سے بر آمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ستائیس اکتوبر کو اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے پشاور کے ایس پی طاہر داوڑ کو نامعلوم افراد نے اغواء کرکے قتل کردیا، مقتول کی تشدد زدہ نعش افغان صوبے ننگرہار سے بر آمد ہوئی.
ایس پی محمد طاہر خان داوڑ17روز قبل اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین سیکٹر میں واک کرتے ہوئے غائب ہوئے تھے، اس کے بعد ان کی کچھ خبر نہ ملی تھی۔
بعد ازاں مقتول کے بھائی نے ان کے اغوا کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کروایا تھا، ایس پی طاہر خان داوڑ اہل خانہ کے مطابق چھٹیوں پر تھے اور وہ ذاتی کام کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچے جس کے بعد ان سے اچانک موبائل فون پر رابطہ ہونا بند ہوا جس کے بعد اہلیہ نے محکمہ پولیس کو اطلاع دی۔