چترال:(ملت آن لائن) خیبرپختونخواہ پولیس کے ایلیٹ فورس ڈیپارٹمنٹ نے سطح سمندر سے نو ہزار فٹ کی بلندی پر دہشت گردی کی روک تھام کے لیے تربیتی مشق کرکے تاریخ رقم کردی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال محمد فرقان بلال کے مطابق یہ تربیتی مشقیں چترال کے بلند وبالا پہاڑ شغور پر منعقد کی گئیں ، جس میں ایلیٹ فورس کے چاق و چوبند جوانوں نے حصہ لیا، یہ مشقیں آرمی اور چترال اسکاؤٹس کے باہمی تعاون سے کی جارہی ہیں۔
سطح سمندر سے نو ہزار فٹ بلندی پر جاری اس مشق میں جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لینے کی ، ان کے ٹھکانے تباہ کرنے کی مشق کی ۔ ا س مشق میں جوان برف پوش پہاڑوں، پہاڑی دروں اور دشوا ر گزار سرنگوں میں مصروف عمل رہے۔ یہ مشقیں ایک ہفتے تک جاری رہیں گی ۔
اس حوالے سے ڈی پی او چترال محمد فرقان بلال کا کہنا ہے کہ ملکی صورت حال کے پیش نظر چترال میں مقیم مختلف پراجیکٹس میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکورٹی کو ہر لحاظ سے بہتر بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ چترال ایک پرامن ضلع ہے لیکن اس کے باوجود ہر ممکن سیکورٹی کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ کوئی میلی آنکھ اس جانب نہ اٹھے۔
یاد رہے کہ چترال میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس میں غیر ملکی ماہرین کام کررہے ہیں اور ان غیر ملکیوں کی سیکورٹی کو ہر لحاظ سے بہتر بنانے اور ان کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخواہ پولیس نے آرمی/سکاوٹس کے باہمی تعاون سے یہ مشقیں کی ہیں اور ان کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور جانی ومالی نقصان سے بچاجاسکے ۔