خبرنامہ خیبر پختونخوا

پشاور :پی آئی اے کے آٹھ اہلکاروں کو ہڑتال پر شوکاز نوٹس

پشاور:(اے پی پی) پشاور میں پی آئی اے کے آٹھ اہلکاروں کو ہڑتال کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ۔ ملازمین کا شوکاز نوٹس وصول کرنے سے انکار ، عدالت جانے کافیصلہ ۔ پشاور میں پی آئی اے ملازمین کا احتجاجی دھرنا ساتویں روز بھی جاری ہے ۔ ہڑتال کرنے والے آٹھ ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے راحت ، سجاد احمد ، شاد محمد ، کارگو کے شعبے سے تعلق رکھنے والے عارف ، ریزرویشن ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار کفایت ، انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار کفایت اللہ ، فنانس ڈیپارٹمنٹ کے صفا بادشاہ اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ سے تعلق رکھنے والے شفیق کو شوکاز نوٹسز جاری کئے گئے ہیں ، تاہم ان ملازمین نے شوکاز نوٹس وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری جانب پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن بند ہونے پر درجنوں مسافر بھی پھنس گئے ہیں ۔ متعدد مسافر پی آئی اے اپنے ٹکٹ کینسل کروانے آئے تاہم انہیں مایوس لوٹناپڑا ۔ پی آئی اے کی فلائٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے مسافروں نے پی آئی اے بکنگ آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی ۔