خبرنامہ

بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کس طرح ووٹ کاسٹ کریں گے

(ملت آن لائن)حکومتِ پاکستان اورالیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کی انتخابی تاریخ میں پہلی بار سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا ہے جس کے بعد وہ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ووٹنگ کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ووٹنگ پینل متعارف کرایا گیا ہے ، جس پر رجسٹریشن کرانے کے اہل وہی افراد تھے ، جن کے پاس مئوثر نائیکوپ ( بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا شناختی) کارڈ ہو، ان کے پاس پاکستان کا پاسپورٹ ہو اور وہ مذکورہ حلقے کے رجسٹرڈ ووٹر بھی ہوں۔

آن لائن ووٹنگ کی سہولت سے استفادہ حاصل کرنے والے پاکستانی 14 اکتوبر 2018 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک اپناحق ِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

آئی ووٹنگ

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے رجسٹریشن کرانے والے ووٹرز کو ان کا الیکٹرانک ووٹر کارڈ بھی ای میل کے ذریعے ارسال کیا جارہا ہے ، جن ووٹرز کو اپنا ووٹر کارڈ موصول نہیں ہوا ہے، وہ باقاعدگی سے اپنا ای میل چیک کرتے رہیں کہ الیکشن والے دن ووٹنگ کے لیے الیکٹرانک ووٹر کارڈ کا ہونا لازمی ہے۔

جن لوگوں کو ووٹر کارڈ نہ ملے وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اوورسیز ووٹنگ کی ویب سائٹ کے ذریعے یا پھر ہیلپ لائن نمبر( 99887725292+)کے ذریعے پاکستانی وقت کے مطابق 9 سے 5 کے درمیان رابطہ کرسکتے ہیں۔

یا درہے اس وقت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ سب سے زیادہ پاکستانی عرب ممالک میں مقیم ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت 60 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری ملک سے باہر ہیں۔