پنجاب حکومت

جس قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے اسے فکرکی ضرورت نہیں ،عثمان بزدار

لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا، جس قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے اسے فکرکی ضرورت نہیں، وہ ہی پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کامیاب دورہ چین پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی چینی لیڈرشپ سےانتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئیں، دورے سے پاک چین تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ چین ہر لحاظ سے کامیاب رہا، سی پیک کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا وزیراعظم کا ہر لمحہ پاکستان کو بہتر بنانے میں صرف ہورہا ہے، عمران خان ہی پاکستان کو مشکلات سےنکالیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس قوم کو عمران خان جیسا لیڈر ملا ہے اسے فکرکی ضرورت نہیں، عمران خان نے مختصر عرصے میں اپنی لیڈر شپ کو منوایا ہے۔

یاد رہے گذشتہ رات وزیراعظم عمران خان اپنا 5 روزہ دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچے تھے، دورے کے موقع پر عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین پر پاک چین مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں ملک اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابل اعتماد شراکت دار ہیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ باہمی دوستی وتعاون کا خطے اور خطے سے باہرامن واستحکام میں اہم کردار ہے، دونوں ملک باہمی تعلقات کو اسٹریٹجک اور طویل المدت تناظرمیں دیکھتے ہیں۔