سرگودھا:(ملت آن لائن) صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک باپ نے مبینہ طور پر عامل کے کہنے پر اپنی ڈیڑھ سالہ بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق اتوار کو صبح ساڑھے دس بجے کے قریب ڈیڑھ سالہ سویرا کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ٹیچنگ اسپتال سرگودھا لایا گیا، جو خون میں لت پت تھی۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچی کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا اور جب بچی کا باپ اور دیگر اہل خانہ اسے اسپتال لائے تو اس سے آدھے گھنٹے قبل وہ انتقال کرچکی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق بچی کے چچا کے یہاں 12 سال سے اولاد نہیں ہو رہی تھی، جس کے لیے ایک عامل کو گھر بلایا جاتا تھا۔
دوسری جانب مقتول بچی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ شوہر اور دیور اس کی بچی کو منحوس سمجھتے تھے، جس پر ناراض ہوکر وہ اپنے میکے چلی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد مقدمہ درج کرکے قتل کے الزام میں بچی کے والد مطیع الرحمان، چچا، پھوپھی اور دادا، دادی سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ عامل کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔