لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ عمران نے لاہور میں غریب اور نادار افراد کے لیے زیرِ تعمیر شیلٹر ہوم کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لے کر اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
واضح رہے کہ خاتون اول بشریٰ عمران جب بھی لاہور کا دورہ کرتی ہیں تو وہ فاؤنٹین ہاؤس یا یتیم خانوں کا دورہ ضرور کرتی ہیں۔
اس سے قبل بھی بشریٰ عمران نے خاتون اول بننے کے بعد پہلا دورہ لاہور میں واقع یتیم خانے ‘دارالشفقت’ کا کیا تھا جہاں انہوں نے بچوں کے لیے دوپہر کے کھانے کا اہتمام بھی کیا تھا۔
شیلٹر ہوم کا دورہ کرنے کے بعد خاتون اول نے داتا دربار پر بھی حاضری دی۔
واضح رہے کہ حکومت بے گھر افراد کے لیے شیلٹر ہوم قائم کرنے کے لیے کوشاں ہے، اسی سلسلے میں گذشتہ ماہ 10 نومبر کو عمران خان نے لاہور میں ایک شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھا اور ساتھ میں ٹوئٹر پر ایک بے گھر غریب خاندان کی وائرل تصویر بھی شیئر کی، جو سخت سردی میں سڑک کنارے رات گزارنے پر مجبور تھا۔
یہاں بتاتے چلیں کہ گذشتہ ماہ لاہور میں مال روڈ کے کنارے سونے والے ایک خاندان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں ایک شخص کو اپنے 3 بچوں سمیت ایک ہی کمبل میں سرد رات میں سڑک کنارے سوتے ہوئے دیکھا گیا۔
تصویر دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گِل نے اس خاندان کو تلاش کرنے میں مدد کی اپیل کی تھی تاکہ حکومت کی جانب سے مدد کی جاسکی۔
تاہم حکومت سے پہلے ہی لاہور کے ایک ریسٹورنٹ کے مالک نے سڑک کنارے سونے والی اس فیملی کو تلاش کرکے نہ صرف اس کی مالی مدد کی بلکہ بچوں کو اسکول میں بھی داخل کر وا دیا۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو غریب اور نادار افراد کے لیے شیلٹر ہومز تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ جب تک شیلٹر ہوم کی تعمیر کا کام مکمل نہ ہو، فٹ پاتھ پر سونے والوں کو ٹینٹ اور کھانا فراہم کیا جائے۔