لاہور:(ملت آن لائن) پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہائیکورٹ بینچ کے قیام کے لیے وکلاء کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے جہاں ذیلی عدالتوں میں کام تاخیر کا شکار ہے۔
فیصل آباد میں سیشن اور سول کورٹس کی گزشتہ 7 روز سے تالا بندی جاری ہے اور اب احتجاجی وکلا کنزیومر کورٹ کی بھی تالا بندی کردی جس سے سائلین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
وکلا کے احتجاج اور ہڑتال کی وجہ سے رجسٹری برانچ، اراضی ریکارڈ سینٹر اور تحصیل دفاتر بھی بند ہیں جب کہ مظاہرین نے سیشن کورٹ کے سامنے دھرنا بھی دیا جس کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔
اسی طرح گوجرانوالہ کی ضلع کچہری میں وکلاء کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور ہڑتال کے باعث عدالتوں میں مقدمات تاخیر کا شکار ہیں جب کہ سائلین پریشانی کا شکار ہیں۔
چیچہ وطنی میں بھی وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالتوں میں مقدمات تاخیر کا شکار اور سائلین پریشانی کا شکار ہیں، حافظ آباد میں بھی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کی ہڑتال جاری ہے۔
سرگودھا میں ضلع کچہری کے باہر وکلا کا بھوک ہڑتالی کیمپ بھی جاری ہے۔