راولپنڈی:(ملت آن لائن) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی،چینی عملہ محفوظ ہے، کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی قونصلیٹ میں دہشت گردوں کے داخلےکی کوشش ناکام بنادی گئی، رینجرزاور پولیس نے صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے، علاقہ جلدکلیئرکردیاجائےگا.
کارروائی میں 3دہشت گردمارے گئے جبکہ قونصلیٹ میں موجودتمام عملہ محفوظ ہے۔
یاد رہے دہشت گردوں نے آج صبح سوا نو بجے کے قریب کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ کیا، ذرائع کے مطابق تین سے چار حملہ آور سفید کار چینی قونصلیٹ کے قریب پہنچے اور قونصل خانے کے دروازے پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
بہادراہلکاروں نے مقابلہ کیا جس پر دہشت گردوں نے دستی بموں سے حملہ کردیا، جس میں دواہلکار شہید ہوگئے، جس کے بعد دہشت گرد قونصل خانے کے احاطے میں داخل ہوئے اور ویزا سیکشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، یہاں بھی اہلکار موجود تھا، جس نے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا ۔
فورسز کے فوری ایکشن کی وجہ سے دہشت گرد احاطے ہی میں محصور رہے اور عمارت کے اندر داخل نہیں ہوسکے ، کارروائی کے دوران تین دہشتگرد باہراحاطے ہی میں مارے گئے، جن سے بھاری اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد ہوئے۔
دہشتگردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا۔