قومی دفاع

آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاحاجی عبدالوہاب کےانتقال پرتعزیت کااظہار

راولپنڈی:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے دین کے لیے ان کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی حاجی عبدالوہاب کے انتقال پراظہارتعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی دین کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا اللہ مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے۔

یاد رہے گذشتہ روز تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبد الوہاب طویل علالت کے بعد 95 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان نے اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی تعزیتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حاجی عبدالوہاب کی شخصیت اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دعا ہے ’اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور درجات بلند کرے‘۔

واضح رہے مولانا حاجی عبدالوہاب یکم جنوری 1923 کونئی دہلی میں پیدا ہوئے، مولاناعبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، تقسیم ہند سے پہلے مولانا عبدالوہاب نے بطور تحصیل دار فرائض انجام دیے، مولانا عبدالوہاب تحصیل دارکاعہدہ چھوڑکرتبلیغی سرگرمیوں میں مصروف ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد مولانا عبدالوہاب نے اہل خانہ کے ہمراہ بھارت سے ہجرت کی۔