کراچی:(ملت آن لائن) آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلےمیں کراچی کی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کا حکم دے دیا۔
آئی جی سندھ کلیم امام نے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیرشیخ کوخط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں شہرکی 3 معروف سڑکوں کوماڈل روڈ بنایا جائے۔
سید کلیم امام نے خط میں کہا کہ ماڈل سڑکیں شارع فیصل، آئی آئی چند ریگرروڈ اورمیٹروپول سے 2 تلوار تک بنائی جائیں، ماڈل سڑکوں پرقائم پٹرول پمپس پربھی کڑی نگاہ رکھی جائے۔
آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام نے ہدایت کی کہ ہیلمٹ کے بغیرسفرکرنے والے موٹرسائیکل سواروں کوفیول فراہم نہ کیا جائے۔
آئی جی سندھ نے ڈاکٹرامیرشیخ کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی بندش کے لیے لگائے جانے والے کنٹینرز کے لیے ضابطہ اخلاق بنا دیا گیا، کنٹینرزپرزحمت کے لیے معذرت واضح طورپرلکھوایا جائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی پولیس چیف امیرشیخ نے خبردار کیا تھا کہ پولیس اہلکار کو ہیلمٹ پہننا ہوگا اور لائسنس بھی ہمراہ رکھنا ہوگا، پولیس افسر نے ٹریفک قانون توڑا تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔