خبرنامہ سندھ

عوام کے جان ومال کی ذمہ داری حکومت کی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ کے

کراچی:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ گورنرہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت اہم دفاتر پرڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ دی جائیں‌۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ 2013 میں ٹارگٹ کلنگ کے575 واقعات ہوئے، رواں سال صرف ٹارگٹ کلنگ کے 6 واقعات ہوئے۔

مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ 2013 میں 173 اغوا برائے تاوان کے واقعات ہوئے جبکہ رواں سال اغوا برائے تاوان کے 40 واقعات ہوئے، اغوا برائے تاوان کے تمام مغویوں کوبازیاب کرایا گیا۔

امن وامان سے متعلق اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 2018 میں موبائل چھیننے کے 14051 واقعات ہوئے،2017میں موبائل چھیننے کے 16739 اور2013 میں12187 واقعات ہوئے، 2013 میں 5118موٹرسائیکلیں چھینی گئیں، رواں سال 1892 وارداتیں ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ عوام کے جان ومال کی ذمہ داری حکومت کی ہے۔

مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو موٹرسائیکلوں میں ٹریکر لگوانے کے فیصلے پر عملدرآمد اور گورنراور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت اہم دفاتر پرڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹ دینے کی ہدایت کردی۔