خبرنامہ سندھ

کراچی میں بحریہ آئکون ٹاور میں آتشزدگی

کراچی کے علاقے کلفٹن میں زیر تعمیر بحریہ آئکون ٹاور کی آٹھویں منزل پر آگ لگ گئی، جسے فائر فائٹز نے کچھ گھنٹوں کی محنت کے بعد بجھا دیا۔

پیر کی دوپہر بحریہ ٹاؤن کے تحت بننے والے بحریہ آئکون ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی اور علاقے میں دھویں کے بادل پھیل گئے۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کوشش کرتی رہیں۔

فائر بریگیڈ میں موجود کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر محکمہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ آگ پر قابو پالیا گیا لیکن بعد ازاں عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو نہیں پایا گیا۔

ایک ٹوئٹر صارف نے ٹوئٹ کیا کہ آگ کے شعلے دوبارہ بھڑک اٹھے ہیں۔

تاہم فائر بریگیڈ کا کہنا تھا کہ عمارت میں دھواں بھرنے کی وجہ سے فائر فائٹرز کو اندر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن فائر فائٹز کی محنت کے باعث آگ پر قابو پالیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔