خبرنامہ

نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی

ابوظہبی ٹیسٹ:(ملت آن لائن) نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 4 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کیویز نے جیت کے لیے قومی ٹیم کو 176 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

یکطرفہ مقابلہ سنسنی خیز اس وقت بنا جب قومی ٹیم کے بلے باز ایک ایک کر کے وکٹیں گنوانے لگے، پانچ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے جن میں تین کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔

امام الحق 27، محمد حفیظ، 10 اور حارث سہیل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیویز بولنگ لائن کے سامنے مزاحمت کی دیوار بننے والے اسد شفیق بھی 45 رنز کی اننگز کھیل سکے، جن کے بعد بلےبازوں کی لائن لگی رہی۔

بابراعظم 13، کپتان سرفراز احمد 3، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

وکٹیں گرنے کے باوجود اظہر علی کیویز بولروں کے سامنے مزاحمت کرتے رہے لیکن جیت سے 5 رنز دوری پر وہ ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

کیویز کی جانب سے اپنے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے والے اعجاز پٹیل نے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایش سودھی اور نیل واگنر نے 2،2 شکار کیے۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف ملا۔

کیویز کی جانب سے دوسری اننگز میں واٹلنگ 59، نکولس 55 اور راول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ یاسر شاہ اور حسن علی نے 5،5 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت 227 رنز بنائے تھے۔