خبرنامہ

انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 444 رنز سے ریکارڈ توڑا

نوٹنگھم ۔ 30 اگست (اے پی پی) انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑا سکور بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں 444 رنز کا مجموعہ تشکیل دے کر یہ سنگ میل عبور کیا، یہ ایک روزہ میچز کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف ہے، انگلینڈ نے 444 رنز کا مجموعہ تشکیل دے کر سری لنکا کا 10 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا، سری لنکن ٹیم نے 2006ء میں ہالینڈ کے خلاف میچ میں 443 رنز کا مجموعہ تشکیل دے کر تاریخ رقم کی تھی۔ منگل کو نوٹنگھم میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلش بلے باز قہر بن کر گرین شرٹس کے باؤلرز پر ٹوٹ پڑے، ایلکس ہیلز، جوروٹ، جوز بٹلر اور این مورگن نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کی درگت بنا دی، گرین شرٹس کے باؤلرز انگلش بلے بازوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے، انگلش ٹیم نے مقررہ اوورز مین 3 وکٹوں پر 444 رنز بنا کر ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بنانے کا عالمی اعزاز اپنے قبضے میں کر لیا، انگلینڈ کے ایک بلے باز نے سنچری جبکہ تین نے نصف سنچریاں بنائیں، ایلکس ہیلز 171 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، جوز بٹلر 90 اور این مورگن 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جوروٹ 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔