خبرنامہ

متنازع بیان پر محسن خان کے متبادل کے لیے پی سی بی کے صلاح مشورے

لاہور:(ملت آن لائن) کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن حسن خان کے متنازع بیان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے متبادل کے لیے صلاح مشورے شروع کردیے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کرکٹ کمیٹی کے چئیرمین محسن خان سے ناخوش ہیں جن کے بیانات پی سی بی کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ نے محسن خان کو متنازع بیانات دینے سے منع کر دیا اور انہیں کرکٹ کے معاملات پر فوکس کرنے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن خان مشکلات پیدا کرتے رہے تو پی سی بی نئے چئیرمین کا فیصلہ کرسکتا ہے جب کہ ان کے متبادل کے لیے کرکٹ بورڈ نے صلاح مشورے بھی شروع کر دیے۔

یاد رہے کہ پی سی بی جسٹس قیوم رپورٹ کے حوالے سے اٹھنے والے تنازع پر ابھی وضاحتیں ہی دے رہا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان نے بھی ایک منفرد بیان داغا اور کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کے لیے بوجھ ہے انہیں اس ذمہ داری سے الگ کر دینا چاہیے۔

کمیٹی کے سربراہ کا بیان عین اس وقت سامنے آیا جب قومی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے تیاری کر رہی تھی۔

پی سی بی نے محسن خان کے بیان کو غیر ضروری اور نامناسب قرار دیا ہے۔