خبرنامہ

پائیداراقتصادی ترقی کیلئے جی ڈی پی کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کی شرح میں مزید10 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے مجموعی قومی پیداوار( جی ڈی پی) کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کی شرح (انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی) میں مزید10 فیصد اضافہ کرنا ہوگا۔ اس وقت یہ شرح 15فیصد کے قریب ہے جس سے معاشی ترقی کے اہداف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین وزیرمملکت ہارون شریف نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور مقامی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہا ہےاور اس سلسلہ میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اورسی پیک کے تحت صنعتی ترقی کیلئے تعاون کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی آئی میں اضافہ کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں ۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کی شرح میں اضافہ کیلئے ملک میں کاروباری آسانیوں پرخصوص توجہ دی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ وفاقی، صوبائی وزارتوں اورمحکموں کے باہمی اشتراک کارکو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اسی طرح اقتصادی ترقی کی پالیسیوں کو مزید سرمایہ کار دوست بنایا جائے گااور سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کی نئی سکیمیں متعارف کرائے گا۔ ہارون شریف نے کہا کہ خطے کے دیگرممالک کے مقابلہ میں پاکستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ایک بڑی معیشت ہے اورغیرملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ کیلئے مقامی اورغیرملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات کے ذریعہ سرمایہ کاری پر راغب کیا جائے گا اور انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح میں 10 فیصد تک اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔